پاکستانیوں کے فیملی ٹری میں ہزاروں افغان شہریوں کی غیر قانونی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد نادرا نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے مشتبہ افراد کے خلاف حتمی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی کے 833 مشتبہ افراد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے۔ نادرا کی جانب سے اخبارات میں اشتہارات بھی جاری کیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سات روز کے اندر متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہوں۔
نادرا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد پر جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے فیملی ٹری میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ مشتبہ افراد کو فون کال اور پیغامات کے ذریعے بھی اطلاع دی گئی ہے، اور نوٹسز جاری کرکے ان سے مؤقف سنا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر متعلقہ افراد مقررہ وقت میں پیش نہ ہوئے تو ان کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی جائے گی۔
یہ اقدام نادرا کی جانب سے پاکستانی شناختی نظام کی شفافیت اور شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this