ایران کی پاسدارانِ انقلاب نیوی کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ اگر اعلیٰ حکام کی جانب سے حکم دیا گیا تو ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریئر ایڈمرل تنگسیری نے آبنائے ہرمز میں جاری فوجی مشق ’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘ کی نگرانی کے دوران کہا کہ اس بارے میں فیصلہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے اختیار میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سپاہی وہ یہ اعلان کرتے ہیں کہ جب بھی انہیں حکم دیا جائے گا وہ اس مشن کو انجام دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے دوران استعمال ہونے والے ہتھیار فوجی مشقوں میں دکھائے گئے ہتھیاروں سے مختلف ہوتے ہیں۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کے روز ’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘ مشق کے دوران چند گھنٹوں کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی۔
بحری مشق کے دوسرے مرحلے میں پاسدارانِ انقلاب نیوی کے جنگی اور فوری ردعمل دینے والے یونٹس نے حصہ لیا جس کا مقصد محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانا تھا۔
مشق کے دوران مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور فوجی ماہرین کے مطابق مشق میں مقررہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں نے بھی میزائل فائر کر کے عملی کارروائی کا مظاہرہ کیا جبکہ خلیج کے ساحلی علاقوں اور جزائر سے داغے گئے میزائلوں نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
ڈرون یونٹس نے بھی سگنل جامنگ کے دوران حملہ آور اور جاسوسی ڈرونز کے ذریعے کارروائی کی مشق کی جس میں متحرک اور ساکن دونوں قسم کے اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

Leave feedback about this