اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت رابطہ کرے یا نہ کرے، اپوزیشن اتحاد کا دھرنا پارلیمنٹ میں جاری رہے گا اور شرکاء یہاں بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو رمضان کے دوران بھی دھرنا جاری رہے گا، اور یہاں روزے بھی رکھے جائیں گے اور تراویح بھی پڑھیں جائیں گی۔
بانی پاکستان تحریک انصاف کو اسپتال منتقل کرنے کے مطالبے پر اپوزیشن اتحاد کا دھرنا پارلیمنٹ میں جاری ہے، جبکہ شرکاء اب پارلیمنٹ کے احاطے تک پہنچ گئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم کو تین ڈاکٹرز کے ناموں پر مشتمل خط لکھا گیا تھا، لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا، “ہم دھمکیاں دینے والے لوگ نہیں ہیں، مگر اس پارلیمنٹ کی آزادی کے لیے ہم کسی حد تک بھی جائیں گے۔”
انہوں نے بتایا کہ 100 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کو یہاں قیدی بنایا گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کو الشفا اسپتال منتقل کرنے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی مرضی کے اسپتال میں علاج کرائیں، یہ آپ کے فائدے کے لیے ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ اپنا مینڈیٹ واپس مانگ رہی ہے، اور مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں دھرنا رمضان میں بھی جاری رہے گا۔

Leave feedback about this