دبئی: متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان 2026 کے لیے صدقہ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیوں کی سرکاری رقم مقرر کر دی ہے۔ یہ فیصلے وزارت اقتصادیات اور سیاحت کے تعاون سے کیے گئے فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد جاری کیے گئے۔
کونسل کے اعلان کے مطابق صدقہ فطر فی کس 2.5 کلو چاول یا اس کی نقد قیمت 25 درہم مقرر کی گئی ہے۔ جو لوگ روزہ نہیں رکھ سکتے ان کے لیے فدیہ 3.25 کلو گندم یا 20 درہم یومیہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ فدیہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم لاگو ہوگی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جان بوجھ کر رمضان کے روزے توڑنے کا فدیہ 1200 درہم مقرر کیا گیا ہے جسے 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔
حج یا عمرہ کے دوران ممنوعہ فعل کے ارتکاب کا تاوان 120 درہم ہوگا جو چھ مستحق افراد کو دیا جائے گا۔ کونسل نے افطار کے کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم بھی مقرر کی ہے۔
فتویٰ کونسل کے ترجمان نے کہا کہ صدقہ فطر ادا کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔ زکوٰۃ الفطر رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو دی جاتی ہے اور رمضان میں عید الفطر کی نماز سے پہلے ادا کی جا سکتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی ادائیگی زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ اور متحدہ عرب امارات میں تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے کریں۔

Leave feedback about this