وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل روانہ ،پی ٹی آئی نے 6 رہنماؤں کی فہرست جیل انتظامیہ کو ارسال کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے خیبر پختونخوا ہاؤس، اسلام آباد سے اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے ہیں۔ ملاقات آج متوقع ہے جس کے لیے پارٹی کی جانب سے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت 6 رہنماؤں کے ناموں پر مشتمل فہرست اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ارسال کر دی ہے۔ فہرست کی منظوری کے بعد ملاقات کے لیے وقت طے کیا گیا ہے۔
ملاقات کے پیش نظر اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جیل کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پارٹی کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ لائحہ عمل، قانونی امور اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔ پارٹی قیادت اس ملاقات کو موجودہ سیاسی حالات میں نہایت اہم قرار دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان سے ملاقات کے معاملے پر حالیہ دنوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم اب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی اڈیالہ جیل روانگی کے بعد یہ ملاقات عملی شکل اختیار کر چکی ہے۔
یہ ملاقات نہ صرف پارٹی معاملات کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے بلکہ آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

Leave feedback about this