صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے کراچی میں 9 مئی جیسا واقعہ کرانے کی خطرناک کوشش کی، جسے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلسل پروپیگنڈا اور جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کا رویہ اپنا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جناح گرائونڈ پر تالے لگنے کی خبریں سراسر جھوٹ ہیں، کیونکہ وہاں کوئی گیٹ موجود ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا، “ہم نے خیبر پختونخوا حکومت کو ممکنہ خطرات سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا اور مہمانوں کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا گیا، مگر جب پی ٹی آئی قیادت ٹریفک میں پھنس گئی تو انہوں نے انتظامیہ پر بے بنیاد الزامات لگانا شروع کر دیے۔”
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی باقاعدہ اجازت دی گئی تھی، مگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ ان کے مطابق اجازت ملنے کے صرف چند منٹ بعد ہی یہ کہا گیا کہ وہ سڑک پر جلسہ کریں گے، جو طے شدہ معاہدے اور قانون کی صریح خلاف ورزی تھی۔
پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے بتایا کہ اس دوران ٹی وی چینلز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، صحافیوں کو دھمکیاں دی گئیں اور پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کیا گیا، جس کے نتیجے میں کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا، “یہ تمام واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پی ٹی آئی قومی دھارے میں رہ کر سیاست کرنے کے موڈ میں نہیں اور مسلسل نفرت کی زبان استعمال کر رہی ہے۔”
صوبائی وزیر نے کہا کہ سعید غنی نے سہیل آفریدی کو ایئرپورٹ پر ویلکم کیا اور سندھ حکومت نے انتہائی تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔ “اگر حکومت چاہتی تو سخت اقدامات اور گرفتاریاں بھی کی جا سکتی تھیں، مگر ہم نے صبر و تحمل کا راستہ اختیار کیا۔”
شرجیل میمن نے مزید الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سندھ حکومت کے ساتھ کی گئی کمٹمنٹ کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا، “پی ٹی آئی کی حرکات ان کے لیڈر کے ذہن کی عکاسی کرتی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انتشار اور بدامنی کو ہوا دی جا رہی ہے۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ 8 فروری کو کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی رٹ برقرار رکھے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنائے۔

Leave feedback about this