لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان افغانستان کشیدگی اور ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو حالیہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں پر بریفنگ دی جبکہ نواز شریف نے قومی معاملات پر اپنی رہنمائی سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پارٹی امور اور حکومتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی استحکام اور عوامی ریلیف کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ بھی پڑھیں: صدر، وزیراعظم کا افغان قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرے۔
قبل ازیں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے معاملے پر کسی بھی متنازعہ یا گمراہ کن موقف کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔ صدر سیکرٹریٹ پریس ونگ نے ایک پریس ریلیز میں صدر کے حوالے سے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی دعوے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے افغان قیادت کی طرف سے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے منہ موڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریخ اور امت مسلمہ دونوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔
Leave feedback about this