کشمیری آج مقبوضہ وادی پر بھارتی افواج کے تسلط کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

کشمیری آج مقبوضہ وادی پر بھارتی افواج کے تسلط کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں

پاکستان سمیت لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دیگر ممالک میں بسنے والے کشمیری آج مقبوضہ وادی پر بھارتی افواج کے تسلط کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

آج 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کشمیری بھارت کے جبری قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں ہیں، کشمیری عوام کو سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا ہے۔

دن کی اہمیت اور مناسبت کے حوالے سے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان، کشمیر اور دنیا بھر میں آج (27 اکتوبر کو) یوم سیاہ بھر پور انداز میں منایا جائے گا، اور دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر تے رہیں گے۔

قمر الزمان کائرہ نے اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید باسط احمد بخاری، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی اور شیخ متین کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خوداردیت سے دستبردار نہیں ہوں گے، اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیر کی جرمنی نے حمایت کی ہے جو فعال سفارت کاری کی علامت ہے۔

یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو پاکستان اور کشمیر میں سیاہ دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جب ہندوستان نے جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر جبر و استبداد اور ظلم و جبر کا آغاز کیا تھا، اس دن سے پہلے کشمیریوں اور وہاں کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ الحاق پر دستخط کر دیے تھے، اس کے بعد بھارت نے ڈوگرہ مہاراجہ سے اپنے حق میں ایک دستخط کرائے جسے دنیا اور کشمیری آج تک نہیں تسلیم نہیں کر رہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے بھارت کے اس عمل کو مسترد کیا اور کشمیریوں کی بات کو تسلیم کیا، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی فوج کے ہر ہتھکنڈے کو شکست دی ہے۔

Exit mobile version