کراچی: پاکستان میں کرکٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی، اس میں بعض پی ایس ایل فرنچائز آفیشلز اور بورڈ کے ایک سابق عہدیدار شامل تھے۔پاکستان میں کرکٹرز کی نمائندہ تنظیم بنانے کی کئی کوششیں ہوئیں مگر کبھی کوئی کامیابی نہیں ملی،گذشتہ دنوں کھلاڑیوں کی عالمی فیڈریشن فیکا کے ایک ٹاپ آفیشل نے بھی کہا تھا کہ اگر پاکستانی کھلاڑی کوئی ایسوسی ایشن بنائیں تو انھیں مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے تازہ کوشش کچھ عرصے قبل ناکام ہو گئی،بعض پی ایس ایل فرنچائز آفیشلز اور ایک سابق پی سی بی عہدیدار ٹاپ پوزیشنز سنبھالنے کیلیے تیار تھے مگر ان کی جانب سے کنٹریکٹس میں 30 فیصد شیئر کا مطالبہ کیا گیا جس پر بات آگے نہ بڑھ سکی، انھوں نے فیکا سے رابطہ بھی کر لیا جہاں سے مثبت جواب ملا تھا، ایک سابق ٹیسٹ کپتان انھیں مشاورت فراہم کر رہے تھے،البتہ پھر معاملہ ختم ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس وقت کھلاڑیوں کے ایجنٹس ہی ان کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ پرپی سی بی سے مذاکرات بھی ان ہی کے ذریعے جاری ہیں، بورڈ نے پلیئرز ایسوسی ایشن کی حمایت نہ ہی کبھی مخالفت کی، البتہ ماضی میں خود آپس میں اتفاق نہ ہونے کے سبب کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔اس حوالے سے ایک کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کی نمائندہ تنظیم ہونی چاہیے جس کا فیکا کے ساتھ الحاق ہو مگر بدقسمتی سے ملک میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اگر ایسا کیا تو بورڈ سے لڑائی ہو جائے گی، حالانکہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے، ہماری کوشش جاری رہے گی اور مستقبل میں ممکن ہے شاید کوئی کامیابی بھی مل جائے۔
Leave feedback about this