کراچی سے مسافر بردار طیارے کی سڑک کے راستے حیدر آباد منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔مسافر بردار طیارہ جامشورو پہنچ گیا ہے۔انچارج ٹرانسپورٹ کے مطابق مسافر بردار طیارے کو بغیر کہیں روکے حیدر آباد منتقل کیا جائے گا، رات گئے مسافر بردار طیارے کی موٹر وے کے راستے منتقلی موٹر وے پولیس نے روک دی تھی۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق رات کے اندھیرے میں ایسے آپریشن کی موٹر وے پر اجازت نہیں دی جاتی۔ذرائع کے مطابق طیارے کو سڑک کے راستے ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کا یہ ملکی تاریخ کا پہلا آپریشن ہے۔طیارے کی منتقلی کے لیے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی جا رہی ہے۔شاہین ایئر لائن کے ناکارہ بوئنگ 737 جہاز کی لمبائی 110 فٹ اور وزن 40 ٹن ہے، جس میں 240 لوگوں کے سفر کی گنجائش ہے، اسے 350 فٹ لمبائی کے 10 ویلر ٹریلر پر لوڈ کر کے حیدر آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے گا، جہاں اسے فائر فائٹرز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ڈائریکٹر سول ایوی ایشن سمیر سعید کا کہنا ہے کہ جہاز تربیتی مقاصد کے لیے انسٹیٹیوٹ لایا جا رہا ہے، جہاں فائر فائٹرز کو جہاز میں پھنسے مسافروں کے ہنگامی انخلا کی تربیت دی جائے گی۔
Leave feedback about this