وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے میں انتظامی لحاظ سے 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کر دیا، تونسہ شریف، مری، وزیر آباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو نئے اضلاع بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ایوان وزیراعلی میں ہوا، جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خصوصی شرکت کی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے صوبے میں نئے اضلاع پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، نئے انتظامی اضلاع بننے سے تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں میں اضافہ ہو گا، نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے اضلاع بننے سے ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے، نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کے راستے پر گامزن کیا جائے گا۔
اجلاس میں محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو بھی ضلع بنانے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اگلے چند روز میں اس ضمن میں اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے اراکین اسمبلی نے اضلاع کی منظوری پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کا یہ فیصلہ عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے، آپ نے عوام کے عرصہ دراز کے مطالبے کو قلیل مدت میں پورا کر کے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ تونسہ شریف کو ضلع بنانے پر عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تونسہ شریف کے ضلع بننے سے علاقے کے عوام کی محرومیاں چھٹ جائیں گی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے 2005ء میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا، یہ اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا، 2018ء میں حافظ عمار یاسر کے بڑے جلسے میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ اور تلہ گنگ کو ضلع بنانے کی منظوری بھی میں نے دی ہے، تونسہ اور تلہ گنگ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں، مری، وزیرآباد اور کوٹ ادو کو بھی ضلع بنانے کی منظوری دی ہے۔
Leave feedback about this