پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا آغاز ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا پاکستان Roze News
پاکستان موسم

پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا آغاز ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا آغاز ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا آغاز ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مون سون کا دھواں دھار آغاز ہوگیا، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خان پور، فاروق آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن اور بورے والا میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔خان پور میں تیزہواں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔فاروق آباد شہر اور گرد و نواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ وہاڑی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی برسات، موسم خوشگوار ہوگیا، اہم شہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔پاکپتن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے، بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ درگاہ بابا فرید کو آنے والی شاہراہیں ڈوب گئیں۔بورے والا میں بارش نے شہر اور مضافات میں گلیاں اور محلے ڈبو دیے، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اور دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے۔خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔سوات کے علاقوں مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں بھی برسات ہوئی ہے۔مون سون کی ہوائیں بلوچستان میں بھی داخل ہوگئیں، شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اس سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ جولائی کے دوران بارش کے دو تین اسپیل آئیں گے، اگست میں بلوچستان میں مون سون کی زیادہ بارشیں ہوں گی۔کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا جبکہ شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

Exit mobile version