پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس تیمور ملائیشیا کے دورہ پر ہے، جہاں نیول بیس آمد پر پاکستانی سفارتی حکام اور میزبان بحریہ کے جہاز نے اس کا پُرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے میزبان حکام سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ پاک بحریہ کے افسران نے رائل ملائیشین نیوی کی مختلف تنصیبات کا دورہ کیا، جبکہ میزبان بحریہ کے افسران اور مختلف سفارتی شخصیات نے بھی پی این ایس تیمور کو تفصیل سے دیکھا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز نے میزبان بحریہ کے ہمراہ دو طرفہ بحری مشق ‘مل پاک 4’ میں حصہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس تیمور کے اس دورے اور بحری مشق میں شرکت سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا۔