آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئی قائم کردہ آرمی سائبر کمانڈ اور آرمی سینٹر آف ایمرجنگ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار کی آمد پر کمانڈر آرمی سائبر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا، اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس و دیگر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ جنگ کی نوعیت اور کردار وقت کے ساتھ بدل رہا ہے، جبکہ فائر پاور اور سائبر کمانڈ مستقبل کی جنگ میں نمایاں اہمیت اختیار کر چکی ہے، ہمیں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ نئی سائبر کمانڈ کو مرحلہ وار تینوں افواج کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور کمانڈ قومی سطح پر نیشنل سائبر اقدامات میں ہم آہنگی کا بھی حصہ بنے گی۔