کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ، پہلا مرحلہ، افتتاحی مقابلہ، بڑا اپ سیٹ، نمیبیا کی سری لنکا کو شکست

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی مقابلے میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، کمزور ٹیم نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔

جی لانگ میں کھیلے گئے مقابلے میں سری لنکا 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 108رنز بنا سکی، اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی، نمیبیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی مقابلے میں سری لنکا نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا، ٹیم کے درمیانی بلے بازوں جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، جان فرائلنک 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز باری۔

سری لنکا کی طرف سے پرامود مدوشن نے 2، جبکہ مہیش ٹھیکشنا، دشمنتھا چمیرا، چمیکا کرونارتنے اور ونندو ہسارنگا ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا میں نمیبیا کے گیند بازوں نے سری لنکن بلے بازی کو اکھاڑ کر رکھ دیا، سری لنکا کی طرف سے صرف کپتان داسن شناکا 29 اور بھانوکا راجا پکشا نے 20 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی۔

نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزا، برنرڈ شالٹز، بین شکونگو اور جان فرائلنک نے 2، 2 وکٹیں اڑائیں، جبکہ جے جے سمٹ 1 کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ مقابلے کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے کے ختم ہونے پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے اہل ہوں گی، سپر 12 راؤنڈ 22 اکتوبر سے شروع ہو گا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image