پاک چین تجارت و سرمایہ کاری فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت چین پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک چین تجارت و سرمایہ کاری فورم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چین پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں توانائی بحران کا خاتمہ ہوا، صنعت و زراعت کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری سے بہتری آ رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک خطے کے تمام ممالک کے لیے گیم چینجر ہو گا، سی پیک سے روزگار میں اضافہ ہو گا، پاکستان میں سی پیک منصوبہ مزدوری کے لیے مؤثر ثابت ہو گی۔
شہباز شریف نے ہمسایہ ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے، پاکستان چین کے تجربات سے فائد ہ لینے کا خواہشمند ہے، جس کی بنا پر پاکستان ایک مضبوط، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، چینی باشندوں اور ان کے منصوبوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، پاکستان کی معاشی ترقی میں چینی سرمایہ کاروں کا کردار نظر انداز نہیں ہو سکتا۔