– نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پہاڑی و سیاحتی علاقوں میں عوامی آمدورفت محدود کرنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق، متاثرہ اور خطرناک علاقوں میں عوامی تحفظ کے پیش نظر سیاحتی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی، اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے عوام متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں، تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیاحتی پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور “کلاؤڈ برسٹ” کے باعث گزشتہ 48 گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد 340 تک جا پہنچی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کم از کم 21 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔