پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سموں کے اجراءاور فعالیت کے لیے ایس او پیز میں تبدیلی کر دی ہے۔پی ٹی اے حکام کی جانب سے غیر قانونی سموں کے اجراءکی روک تھام کے لیے بڑا اقدام کیا گیا ہے۔پی ٹی اے کے نئے ایس او پیز کے تحت دوسری نئی سم کے اجراءاور ایکٹیویشن میں اب 8 گھنٹے کی بجائے 7 دن لگیں گے۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پہلی نئی سم 8 گھنٹے میں جاری اور ایکٹیویٹ کردی جائے گی جب کہ ڈپلیکیٹ سم کارڈ یا نمبر بھی 8 گھنٹے میں جاری کردیا جائے گا۔حکام کی جانب سے سم کے اجراءاور فعالیت کے لیے نئے ایس او پیز 24 جنوری سے نافذ العمل ہوں گے۔پی ٹی اے کے نئے ایس او پیز تمام آپریٹرز، کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز اور ریٹیلرز پر لاگو ہوں گے، نادرا بھی ان ایس او پیز کو اپنے سسٹم میں نافذ کرے گا۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کی جانب سے ایک دن میں کئی سمز جاری ہونے کے باعث کیا گیا ہے۔پی ٹی اے کا یہ اقدام فراڈ مافیا کی جانب سے استعمال کی جانے والی تکنیکوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جعلی انگوٹھوں کے نشانات سے روزانہ کئی سمیں جاری کی جاتی ہیں تاہم نئے ایس او پیز سے جعلسازی اور فراڈ کے واقعات میں کمی آئے گی۔

Leave feedback about this