سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے این اے 127 کے پولنگ سٹیشن نمبر 82 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ووٹ دیں گے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو مل کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے، نفرتیں دور کریں گے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے تو پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔آج قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
Leave feedback about this