پاکستان

دفتر خارجہ، آئی ایس پی آر، سی پی این ای کا ارشد شریف کی ناگہانی موت پر اظہار تعزیت و افسوس

سینئر صحافی اور میزبان ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی موت پر دفتر خارجہ، آئی ایس پی آر اور سی پی این ای نے گہرے افسوس کے جذبات ظاہر کیے ہیں اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے افسوس ناک واقعہ پر کہا کہ صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت پر تعزیت کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر کو آج صبح ارشد شریف کی موت کی ابتدائی اطلاع ملی، جس کے بعد ہائی کمشنر نے پولیس اور وزارت خارجہ کے حکام سے رابطہ کیا، اس کے علاوہ ہائی کمیشن کی جانب سے نائب صدر کینیا سے بھی رابطہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کمیشن کے حکام نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں، ہائی کمیشن حکام نے ارشد شریف کی لاش کی شناخت کی، قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ارشد شریف کے اہلخانہ سے ملاقات کی ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہرا دکھ ہے۔

آئی ایس پی آر نے ارشد شریف کی موت پر تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ارشد شریف کے درجات بلند کرے،  دکھ کی اس گھڑی میں اللّٰہ تعالیٰ ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اُدھر سی پی این ای نے آنجہانی صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اخباری صحافیوں کی تنظیم کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھا کر مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image