شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ چائے بھی نہ پی جائے، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت تو دور کی بات ہے۔گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ ملا رہے ہیں، دوسری طرف کارکنوں پر تشدد کر رہے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو 5 دن سے بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا جا رہا، جیل اہلکار کہتے ہیں ہمیں پیچھے سے حکم ہے تو کس کا حکم ہے؟ وزیر اعلی اور وزیر داخلہ کی جماعت کی حکومت ہے پھر ہم سے یہ کس خیر کی توقع کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کے لچھن ایسے نہیں کہ ان کے ساتھ بیٹھ کر چائے بھی پی جائے، اے پی سی تو دور کی بات، وزیراعظم اٹھ کر جاتے ہیں اپوزیشن لیڈر سے ایسے ہاتھ ملا تے ہیں جیسے مشرف نے واجپائی سے ہاتھ ملایا تھا۔ شیخ وقاص نے مزید کہا کہ ایک دن پہلے پنجاب میں ہمارے لوگوں پر کیسز بنائے پھر وزیراعظم کہتے ہیں ملنا چاہتے ہیں، آج کل یہ رنگ بازیاں نہیں چلتیں۔پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 80 ارب روپے بھی دیے جائیں تب بھی الیکشن میں غلطی کی گنجائش رہتی ہے، اب اگر الیکشن کمیشن فارم 45 اپ لوڈ کر رہا ہے تو کہنا چاہیے کہ دیر آید درست آید، کمرے میں بیٹھ کر انتظامات کی بات کرنا اور فیلڈ میں نافذ کرنے میں فرق ہوتا ہے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حیران ہوں الیکشن کمیشن کی ساری غلطیوں کا فائدہ ن لیگ کو ہی ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، بچوں خواتین کو قتل کر رہا ہے اور ہم مسلمان صرف بات کر رہے ہیں۔
Leave feedback about this