لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نو مئی کو صرف جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوا بلکہ بہت ساری عمارتیں متاثر ہوئیں، حکومت ہمیں ثبوت دکھائے تو ہم خود ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کردیں گے۔حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے بات چیت کے بعد زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 8 رہنماؤں اور چالیس لوگوں کی فہرست دی اور اُن کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔عمران خان نے کہا کہ میں نے حکومتی اراکین سے سوال کیا کہ جو لوگ آپ کے پاس ہیں اُن کا کیا حال ہورہا ہے، آپ ہمیں ثبوت اور فوٹیجز فراہم کریں تو ملوث افراد کو ہم خود قانون کے حوالے کردیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ صرف جناح ہاؤس لاہور میں نہیں ہوئی، اس کے علاوہ بھی پُرتشدد واقعات ہوئے جن کی مجھ سمیت پوری قیادت نے مذمت کی مگر ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں اور حراست میں لیے گئے کارکنان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ آپریشن اور انتقامی کارروائیوں سے پی ٹی آئی ختم نہیں ہوگی، نظریے کو جتنا دبایا جائے وہ اتنا ہی ابھرتا ہے اور پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ عوام ہیں۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے مظالم نہیں ہوتے جو اس وقت ہماری پارٹی پر ہورہے ہیں۔