اوکاڑہ:بھارت کی جانب سے اچانک دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد اوکاڑہ کے مقام پر ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔فلڈ کاسٹنگ ذرائع کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی آمد 1 لاکھ 4 ہزار 664 کیوسک جبکہ اخراج 98 ہزار 353 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پانی کا بہا اسی طرح جاری رہا تو سیلاب اونچے درجے میں داخل ہو سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ریونیو، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے ہنگامی بنیادوں پر الرٹ کر دیے گئے ہیں۔ فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے دریائے ستلج سے ملحقہ دیہات سے فوری انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کی قیمت عام پاکستانی شہریوں کو ادا نہ کرنی پڑے، اس لیے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں نقل مکانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں، جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو کر ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
Leave feedback about this