ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان کے لیے روانہ کر دیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقتول صحافی کی میت نیروبی سے براستہ دوحہ اسلام آباد لائی جائے گی۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی میت نیروبی سے دوحہ پہنچا دی گئی ہے، دوحہ سے اسلام آباد کے لیے پرواز رات 9 بج کر 35 منٹ پر اڑان بھرے گی، اس طرح میت رات ایک بج کر پانچ منٹ پر اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر پہنچا دی جائے گی۔
مرحوم کی بیوہ جویریہ صدیق کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔
قبل ازیں کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے بتایا کہ صحافی ارشد شریف کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے مطابق ارشد شریف کی موت گولی لگنے سے ہی ہوئی، انہوں نے کینیا کی حکومت سے درخواست کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
واضح رہے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو گزشتہ روز کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔