کراچی میں شارع فیصل پر واقع عمارت میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔فائر بریگیڈ کا عملہ عمارت کی 10ویں منزل پر آگ بجھانے میں مصروف ہے جہاں اے سی کولنگ سسٹم کی وائرنگ میں آگ لگ گئی۔اس سے قبل فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، عمارت کی چھت پر جانے والے تین افراد کو بھی بچا لیا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شارع فیصل پر کمرشل عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر ابتدائی طور پر دو گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم فائر فائٹرز نے مزید مدد طلب کی جس کے بعد مجموعی طور پر پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی چھت پر تین افراد پھنسے ہوئے تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔حکام کے مطابق آگ چھٹی منزل پر لگی جب کہ دھویں کے باعث بالائی منزلیں بھی متاثر ہوئیں اور فائر فائٹرز کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔عمارت تین منزلوں کی پارکنگ پر مشتمل ہے جبکہ باقی منزلوں پر دفاتر کا قبضہ ہے۔واقعے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موقع پر پہنچ گئے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں اے سی کولنگ سسٹم کی وائرنگ میں آگ لگی۔میئر کراچی نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آٹھویں، نویں اور دسویں منزل تک دھواں ہے، عمارت میں پھنسے لوگوں کو بھی بچا لیا گیا ہے، ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Leave feedback about this