پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس کی سفارش پاکستان Roze News
پاکستان

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس کی سفارش

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس بھجوایا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دستور پاکستان 1973ء میں مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اداروں کو ریاستی اختیارات الگ الگ تفویض کئے گئے ہیں، آئین میں واضح طور پر ہر ادارے کی ذمہ داری اور اس کا دائرہ کار متعین ہے، کوئی ادارہ دستور کے تحت کسی دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر ملک کی نمائندہ سیاسی و جمہوری جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، فیصلے میں تشریح کے دستوری حق سے تجاوز کیا گیا ہے، نیز مختلف فیصلوں میں الگ الگ تشریحات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث ملک میں شدید سیاسی عدم استحکام نے جنم لیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس بھجوانے کی سفارش کی جائے، اور فل کورٹ تشکیل دے کر معاملے پر تشریح حاصل کی جائے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ سنائے۔

Exit mobile version