وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انھیں پٹرول اور گیس کی قیمتیں مقرر کرتے وقت 2 راتیں نیند نہیں آتی کہ کل ہم نے دوبارہ نئی قیمت جاری کرنی ہے، ہم بہت مشکل حالات سے گزر کر آئے ہیں اور گزر رہے ہیں نفرت اور انتشار کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک شخص دن رات بددعائیں دے رہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہو جائے، اس شخص کی چاہت تھی کہ پاکستان کے حالات سری لنکا جیسے ہو جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے محنت سے معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کی جبکہ گزشتہ حکومت نے بدنیتی کے ساتھ معیشت میں خرابیاں پیدا کیں، انھوں نے جو معاہدے کیے اس کا بوجھ ہمیں اٹھانا پڑا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جب 15 دن بعد پٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھانی ہوتی ہیں تو مجھے 2 راتیں نیند نہیں آتی ہے کہ کل ہم نے دوبارہ نئی قیمت جاری کرنی ہے۔
وزیراعظم نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم جلسوں میں روزانہ ویڈیو لگاتے ہیں اور نجانے کیا باتیں کرتے ہیں جن کی ہمیں سمجھ نہیں آتی ہے، کبھی کہتا ہے جاپان اور جرمنی ہمسائے ہیں، ملک کے خلاف سازش کرنا اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوسکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج سیاست میں گالم گلوچ سے بات شروع کی جاتی ہے اور اسی پر ختم کی جاتا ہے، مگر مفتی محمود نے سیاست میں کبھی بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا انہوں نے مکالمے کو سیاست کا اہم جز قرار دیا۔