واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج واشنگٹن میں ملاقات ہوگی، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کردی۔امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز بتایا ہے کہ توقع ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں ہو گی، وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات میں عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی ملاقات میں شرکت کا امکان ہے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور مسلم رہنماؤں کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد سے متعلق آج گفتگو ہوگی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج اہم اجلاس میں شرکت کررہےہیں جس میں اس مشترکہ اعلامیہ کو عملی جامہ پہنانے پر بات چیت ہوگی۔
مسئلہ فلسطین اور کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں تمام ایشوزپربات کریں گے۔وزیراعظم نے معرکہ حق کو پاکستان کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے ہندوستان کو شکست فاش دی اور بھارت کاگھمنڈ پاش پاش کر دیا، وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایاکہ جنگیں کس طرح لڑی جاتی ہیں۔
وزیراعظم نے بنگلادیش کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، بنگلادیش کے ساتھ تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر کے اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنما کافی دیر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رہے، بے تکلف انداز میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے رہے، امریکی صدر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا۔
Leave feedback about this