موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، وزیراعظم پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے کم کا حصہ دار ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، پاکستان کو سیلاب کی تباہی سے نکلنے میں دہائیاں لگیں گی۔

آستانہ میں ایشیا میں اعتماد سازی پر سربراہی کانفرنس سے وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، عالمی برادری پاکستان کو درپیش مسائل سے نکالنے میں مدد فراہم کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا، 3 کروڑ سے زائد افراد کی بحالی پاکستان کے لیے ایک امتحان ہے، سیلاب سے ہزاروں کلومیٹر شاہراہوں، پلوں اور گھروں کو نقصان پہنچا، پاکستان کے لیے غیر معمولی صورتحال کا سامنا بہت مشکل ہے، پاکستان کی اولین ترجیح معاشی صورتحال کی بہتری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، بامقصد بات چیت کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے، پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں جنگ سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سی کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان نے 4 ملین سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔

Exit mobile version