ضمنی انتخابات کے میدان میں سیاسی پہلوانوں کا دنگل سج گیا، قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر رائے شماری جاری ہے، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
اطلاعات کے مطابق کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ صاحب میں رائے شماری جاری ہے، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں انتخابی مراکز آباد ہیں۔
خیال رہے کہ سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان قومی اسمبلی کی 7 نشستوں پر امیدوار ہیں، این اے 22 مردان میں عمران اور جے یو آئی (ف) کے مولانا قاسم مدمقابل ہیں، این اے 24 چارسدہ میں سابق وزیراعظم اور اے این پی کے ایمل ولی خان میدان میں ہیں۔
اسی طرح این اے 31 پشاور میں عمران خان اور اے این پی کے غلام احمد بلور کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، جبکہ این اے 108 فیصل آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ن لیگ کے عابد شیر علی کے درمیان زوردار مقابلہ ہے۔
پانچویں حلقے این اے 118 ننکانہ میں عمران خان اور شذرہ منصب کھرل مدمقابل ہیں، این اے 237 ملیر کراچی میں تحریک انصاف کے سربراہ اور پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ آمنے سامنے ہیں، جبکہ این اے 239 کورنگی میں عمران خان اور پیپلز پارٹی کے عمران حیدر عابدی کے دریان میدان سجا ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کے آٹھویں حلقے این اے 157 ملتان میں شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسی گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
صوبائی سطح پر پی پی 139 شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری اور لیگی رہنما چودھری افتخار آمنے سامنے ہیں۔