تین روز بارش اور برفباری کے بعد شدید سردی کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت جاری کر دی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران موسم کی تفصیلی صورتحال جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہے گی، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ پڑنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے، جس سے شہریوں کو ٹریفک اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی دیکھی گئی، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کچھ میدانی اضلاع میں دھند چھائی رہی۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لہہ، زیارت اور قلات میں منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ کوئٹہ اور گلگت میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے لیے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 دسمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ 6 دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری کی توقع ہے، جبکہ 7 دسمبر کو گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سرد موسم اور برفباری کے دوران احتیاطی اقدامات کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور دھند یا کہرے والے علاقوں میں سفر میں احتیاط برتیں
