ریاض کے کنگ خالد ائیرپورٹ پر حملوں کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد خلیجی اور بین الاقوامی ائیرلائنز نے ریاض کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن جزوی یا مکمل طور پر معطل کردیے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ریاض کی پرواز پی کے 753کو دمام اتارا گیا اور ملک کے تمام ائیرپورٹس سے ریاض کی 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
لفتھانزا گروپ نے 16 اکتوبر، ائیر لنکا نے 18، اکاسا ائیر نے 13، ائیر انڈیا اور ائیر انڈیا ایکسپریس نے 15 اکتوبر تک ریاض کی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پروازیں منسوخ یا معطل کرنے والی دیگر بڑی ائیر لائنز اتحاد ائیر ویز، فلائی دبئی، امارات ائیرلائنز، ائیر عربیہ، کویت ائیر ویز، ترکش ائیر لائنز، انڈیگو، پی آئی اے اور دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ریاض کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی ہے۔ نئے نوٹم کے مطابق ریاض ائیرپورٹ آج رات 12 بجے تک مزید بند رہے گا۔ حکام کے مطابق ریڈار اور کمیونیکیشن نظام کے جائزے کے لیے ائیرپورٹ کی بندش میں توسیع کی گئی جب کہ دمام ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن 6 گھنٹے بندش کے بعد بحال کردیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودیہ کا فلائٹ آپریشن تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان کے مختلف ائیرپورٹ سے ریاض کی آج 32 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ریاض کی بندش سے جدہ، مدینہ دمام ائیرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے، بحران کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
