دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست سامنے آگئی،پہلا نمبرپر کون آیا؟ تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دنیا

دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست سامنے آگئی،پہلا نمبرپر کون آیا؟

دنیا کے امیر ترین افراد

دنیا کے امیر ترین افراد

 

دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری کردی گئی ہے، جس میں ایلون مسک ایک بار پھر سب سے زیادہ دولت رکھنے والے شخص قرار پائے ہیں۔

فوربز کے مطابق یکم ستمبر 2026 تک دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 2.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ ماہ یہ مجموعی دولت 2.6 ٹریلین ڈالر تھی۔ یوں صرف ایک ماہ کے دوران ان ارب پتی افراد کی مجموعی دولت میں تقریباً 200 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

فہرست میں شامل 10 افراد میں 9 امریکی شہری ہیں جبکہ اسپین سے تعلق رکھنے والے امانسیو اورٹیگا واحد غیر امریکی ارب پتی ہیں۔ حیران کن طور پر دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں کوئی خاتون شامل نہیں۔

فوربز کی فہرست میں ایلون مسک 892 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ اگست کے دوران ان کی دولت میں 202 ارب ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کو ان کی دولت بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

گوگل کے شریک بانی لیری پیج 277 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم اگست میں ان کی دولت میں 15 ارب ڈالر کمی ہوئی۔ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 268 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

گوگل کے دوسرے شریک بانی سرگئی برِن 256 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ ڈیل ٹیکنالوجی کے سربراہ مائیکل ڈیل 241 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ 197 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔ اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن 193 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اگست میں ان کی دولت میں 25 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

اینویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ 191 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں، مائیکروسافٹ کے سابق سربراہ اسٹیو بالمر 155 ارب ڈالر کے ساتھ نویں جبکہ انڈیٹیکس کے بانی امانسیو اورٹیگا 148 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

فوربز کے مطابق ارب پتی افراد کی دولت میں مسلسل تبدیلی کی بنیادی وجہ کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہے۔ چونکہ ان افراد کی دولت کا بڑا حصہ کاروباری حصص سے وابستہ ہے، اس لیے مارکیٹ میں معمولی تبدیلی بھی ان کی مجموعی دولت میں اربوں ڈالر کا فرق پیدا کرسکتی ہے۔

Exit mobile version