کراچی:قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں بچوں کے لیے پہلی بار اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سینٹر قائم کردیا گیا، جہاں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
این آئی سی ایچ انتظامیہ کے مطابق اے آر ٹی سینٹر اسپتال کے روم نمبر 13 میں قائم کیا گیا ہے اور اسے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر واجد کی نگرانی میں فعال کیا گیا ہے۔
سینٹر میں اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی سروسز فوری طور پر شروع کردی گئی ہیں تاہم سندھ حکومت نے 17 جولائی کو NICH میں بچوں کے لیے اے آر ٹی سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے 20 اگست کو سینٹر کے قیام کا باقاعدہ سرکلر جاری کیا۔
این آئی سی ایچ کے ڈاکٹر سناگر کے مطابق اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ تقریباً 1500 بچے لائے جاتے ہیں، جن میں بعض بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص بھی سامنے آتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل NICH میں ایچ آئی وی کی تشخیص کے بعد بچوں کو مزید ٹیسٹنگ اور علاج کے لیے سول اسپتال ریفر کیا جاتا تھا، تاہم اب یہ سہولت NICH میں ہی دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اے آر ٹی سینٹر کے قیام کے بعد ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی کی سہولت اب این آئی سی ایچ میں ہی اسپتال میں فراہم کی جاسکے گی۔
جس سے بچوں اور ان کے والدین کو علاج کے لیے دوسرے اسپتال جانے کی مشکل سے نجات ملے گی۔ تاہم NICH میں اے آر ٹی سینٹر کے قیام کے مطالبے میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) کا کردار بھی انتہای اہم ہے۔
ایچ آئی وی آؤٹ بریک کے تناظر میں YDA نے NICH میں اے آر ٹی سینٹر کے قیام، انفیکشن کنٹرول کے مؤثر اقدامات اور تمام وارڈز میں فلیبوٹومسٹس کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا جبکہ اس مطالبہ کیلئے ینگ ڈاکٹرز متعدد بار احتجاج بھی کرچکے ہیں تاہم حکومتی ہدایت۔
NICH انتظامیہ کے اقدامات اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے کے بعد بچوں کے لیے اے آر ٹی سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جسے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے علاج اور تشخیص کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے.
