ایرانی سپریم لیڈر کی خلیجی ممالک سے امریکا، اسرائیل کیخلاف متحد ہونے کی اپیل تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دنیا

ایرانی سپریم لیڈر کی خلیجی ممالک سے امریکا، اسرائیل کیخلاف متحد ہونے کی اپیل

ایرانی سپریم لیڈر کی خلیجی ممالک سے امریکا، اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل

ایرانی سپریم لیڈر کی خلیجی ممالک سے امریکا، اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل

 

تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے چھ ماہ مکمل ہونے کے موقع پر جاری کیے گئے ایک تحریری پیغام میں خطے کے مسلم ممالک سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ اسلامی اقوام کے مسائل کا حل اتحادِ کلمہ، دوستی اور بھلائی کی راہ میں تعاون میں ہے، دشمن دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

امریکا اور اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ مختلف نسلی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، سیاسی اور جغرافیائی اختلافات کو ایران اور کسی بھی دوسرے اسلامی ملک میں مسلم عوام کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں، وہ اپنے حقیقی دشمنوں کے منصوبوں کو سمجھیں اور اس کا مقابلہ کریں۔

آیت اللہ مجتبیٰ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دوستی اور اتحاد کے دشمن ہیں، امریکا اور اسرائیل صرف ایران کے نہیں بلکہ ساری اسلامی دنیا کے دشمن ہیں۔

اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت ایسے بیانات دینے سے گریز کرے جن سے عوام میں مایوسی پھیلے، انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات احسن طریقے سے چلانے پر ایرانی صدر اور حکومت کے دیگر ذمہ داران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام ملازمین اور منتظمین نے مشکل صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کا حکومت اور ان کے لیے پیغام مسلسل حمایت کا اظہار ہے، انہوں نے ایرانی قوم اور قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ مکمل اتحاد کے ساتھ ملک کی حفاظت کریں گے اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔

Exit mobile version