وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے اوورسیز ٹریڈ اینڈ بزنس لنکیجز شہریار میمن کی ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر احسن رضا شاہ سے اہم ملاقات
کوالالمپور، ملائیشیا: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے اوورسیز ٹریڈ اینڈ بزنس لنکیجز، شہریار میمن نے اپنے سرکاری دورۂ ملائیشیا کے دوران پاکستان کے ہائی کمشنر برائے ملائیشیا سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری روابط، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، ہنرمند افرادی قوت کی ترقی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شہریار میمن نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز ٹریڈ اینڈ بزنس لنکیجز کو مزید مضبوط بنا کر پاکستانی نوجوانوں اور کاروباری برادری کے لیے نئی راہیں ہموار کی جائیں گی۔
پاکستان کے ہائی کمشنر نے شہریار میمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک بالخصوص پاکستانی نوجوان اس تعاون سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
