افغانستان کے صوبہ نورستان میں شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، پارون شہر میں دریا کنارے قائم دکانیں اور کاروباری مراکز ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
افغانستان کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق سیلابی ریلوں میں بہنے کے باعث 100 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
افغان حکام کے مطابق صوبہ نورستان میں پیر کے روز آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں کئی علاقے متاثر ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت پارون میں دریا کے کنارے قائم دکانیں اور کاروباری مراکز تباہ ہوگئے، جہاں اب ملبہ اور کیچڑ کے سوا کچھ باقی نہیں رہا۔
افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 20 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ متاثرہ افراد میں پارون سمیت نورستان کے دیگر علاقوں کے رہائشی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلوں نے متعدد ہوٹلوں، درجنوں دکانوں اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ پانی کے ساتھ آنے والے بڑے پتھروں اور ملبے نے شہر کے کئی حصوں کو متاثر کیا ہے۔
افغان ڈیزاسٹر حکام نے مزید بارشوں اور طوفانوں کے امکان کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو دریاؤں کے کناروں اور ان علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جہاں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
