ایران کا مذاکرات سے قبل امریکی وفد کے ساتھ فوٹو سیشن اور مصافحے سے صاف انکار تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دنیا

ایران کا مذاکرات سے قبل امریکی وفد کے ساتھ فوٹو سیشن اور مصافحے سے صاف انکار

ایران کا مذاکرات سے قبل امریکی وفد کے ساتھ فوٹو سیشن اور مصافحے سے صاف انکار

ایران کا مذاکرات سے قبل امریکی وفد کے ساتھ فوٹو سیشن اور مصافحے سے صاف انکار

برگن اسٹاک میں ایران نے امن مذاکرات سے قبل امریکی وفد کے ساتھ فوٹو سیشن اور مصافحے سے صاف انکار کردیا، ایرانی وفد اس دوران میڈیا گیلری سے باہر رہا۔ اطلاعات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں جاری امریکہ ایران امن مذاکرات کے آغاز پر ایک بڑی کھنچاؤ کی صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ایرانی مذاکراتی وفد نے امریکی حکام کے ساتھ پہلے سے طے شدہ مصافحے یعنی ہاتھ ملانے اور مشترکہ گروپ فوٹو بنوانے کی تجویز کو یکسر مسترد کردیا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے مذاکرات کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکی حکام اور اجلاس کے منتظمین کی جانب سے یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی کہ کثیر الملکی مذاکرات کے آغاز پر دونوں ممالک کے وفود ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے اور میڈیا کے سامنے گروپ فوٹو بنوائیں گے، تاہم ایرانی وفد کے سربراہ نے اس منصوبے کی شدید مخالفت کی اور ایسا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ ایرانی وفد کے اس سخت مؤقف اور انکار کے بعد انتظامیہ کو طے شدہ لائیو ٹی وی نشریات اور فوٹو سیشن کا عمل ایرانی وفد کی موجودگی کے بغیر ہی آگے بڑھانا پڑا، ایرانی سفارت کار ہال کے باہر موجود رہے اور وہ صرف اسی وقت مذاکرات کے کمرے میں داخل ہوئے جب میڈیا کا یہ سیشن مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا اور صحافی وہاں سے جا چکے تھے۔

ایران کا یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ میز پر بیٹھنے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تاحال شدید سرد جنگ اور نظریاتی دوریاں برقرار ہیں، اس غیر متوقع صورتحال کے بعد امریکی وفد کی جانب سے منتظمین سے پانچ منٹ کی تاخیر کی درخواست کی گئی تاکہ تمام صحافی اور میڈیا نمائندے مذاکراتی کمرے سے باہر نکل جائیں اور اس کے بعد ہی باقاعدہ بات چیت کا آغاز کیا جا سکے۔

Exit mobile version