کراچی:وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان جیسا منافع دنیا کی کسی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں نہیں ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گونگ تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ پیش ہوچکا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر بحث جاری ہے۔ بجٹ نے سفر کی درست سمت کی نشاندہی کر دی ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کیسے ہو گی۔ بجٹ کے حوالے سے مثبت ردعمل آیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقعات ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ہال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد گونج رہا ہے۔ سروس لانگ مارچ ٹائرز کا پروجیکٹ اس وقت پنپ رہا تھا جب دنیا بھر میں کورونا کے سبب معاشی دباؤ تھا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے چین کے دورے کے دوران سی پیک بی ٹو بی ہو گیا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا منافع دنیا کے کسی ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں نہیں ہے۔