چین کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف نوجوان اداکار اور ماڈل جِن زے 33 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں اور شوبز حلقوں کو سوگوار کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جِن زے، جن کا اصل نام ژانگ جیاوئی تھا، ہانگژو میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ تاہم اہل خانہ کی درخواست پر ان کی وفات کی وجہ تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں لواحقین کی رازداری کا احترام کریں اور موت کی وجوہات سے متعلق کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں یا افواہوں سے گریز کریں۔
اداکار کی اچانک وفات کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر غم کی لہر دوڑ گئی اور چند ہی گھنٹوں میں یہ موضوع ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ شوبز شخصیات، ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے جِن زے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک محنتی، عاجز اور مخلص انسان قرار دیا۔
واضح رہے کہ جِن زے نے اپنی وفات سے تقریباً ایک ماہ قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر اپنی آخری پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے نئے ڈرامائی منصوبے کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ اس منصوبے میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔
