دنیا کو یقین دلانے کیلئے تیار ،ہم جوہری ہتھیار نہیں بنا رہے، ایرانی صدر تازہ ترین Roze News
تازہ ترین

دنیا کو یقین دلانے کیلئے تیار ،ہم جوہری ہتھیار نہیں بنا رہے، ایرانی صدر

تہران :ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے اور نہ ہم خطے میں بدامنی چاہتے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری اورعلاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے اور مغربی ایشیا میں جنگ اور عدم تحفظ کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یقین دلانے کے لیے تیار ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانے کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی خطے میں بدامنی چاہتے ہیں، اصل مسئلہ اسرائیل کی حکومت ہے جو ہر موقعے کو جنگ اور عدم استحکام برقرار رکھنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔امریکا سے جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مذاکرات کار ملک کی عزت اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ایرانی حکام کے مطابق ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت توانائی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کا قانونی حق رکھتا ہے جبکہ امریکا اور اس کے مغربی اتحادی ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے ٹیکنیکل صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

Exit mobile version