وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر خطبۂ حج کو دنیا بھر کی 35 بڑی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا، تاکہ مختلف ممالک کے مسلمان اپنے ہی زبان میں اس اہم روحانی پیغام کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
وزارت کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد لاکھوں عازمین حج اور دنیا بھر میں موجود ناظرین تک خطبۂ حج کا پیغام آسان، واضح اور مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔
اعلان کے مطابق خطبۂ حج کو انگریزی، فرانسیسی، انڈونیشین، ترکی، فارسی، روسی، چینی سمیت متعدد عالمی زبانوں میں براہ راست ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔
خاص طور پر پاکستان کے زائرین کیلئے اس سال خطبۂ حج کو اردو کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں، یعنی پنجابی اور پشتو میں بھی نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے ایک اہم اور منفرد اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مختلف نشریاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے خطبۂ حج کو دنیا بھر تک پہنچایا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس روحانی اور رہنمائی پر مبنی پیغام سے مستفید ہو سکیں۔
ماہرین کے مطابق مختلف زبانوں میں خطبۂ حج کی براہ راست نشریات اسلامی تعلیمات اور حج کے عالمی پیغام کو عام کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔
