سعودی عرب میں ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہو گا۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج شام ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں اور شہادت متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آج سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ اور حج کے اہم ایام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
سعودی عرب میں پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دیے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت مناسک حج کا اہم ترین رکن وقوف عرفہ 26 مئی بروز منگل ادا کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب سپارکو نے پیشگوئی کر رکھی ہے کہ پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اس طرح عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کی قوی توقع ہے۔ ذوالحجہ کے چاند کی رویت کے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی آج شام کو کرے گی۔
اگر پاکستان میں بھی آج چاند نظر آ جاتا ہے تو سعودی عرب اور پاکستان میں عیدالاضحیٰ ایک ہی دن منائے جانے کا امکان ہے۔
