منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی لیک ہونے والی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
آڈیو میں ملزمہ انمول کہہ رہی ہے کہ آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے، 8، 9 سال میرے پیچھے لگے رہتے ہیں، ریٹائرڈ ہوجاتے ہیں مگر پکڑ نہیں پاتے۔
ملزمہ نے مزید کہا کہ جس دن دماغ سے سوچنا شروع کرو گے، پنکی کی طرح برانڈ بن جاؤ گے۔
ملزمہ نے یہ بھی کہا کہ پتا نہیں کہاں سے اٹھ کے آجاتے ہیں کہ پنکی کو پکڑیں گے۔ وہ پورے کراچی میں کام کررہی ہے اٹھا لو اگر اٹھا سکتے ہو۔
کراچی میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول کو عدالت پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے ملزمہ کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ کراچی پولیس چیف آزاد خان نے ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی۔
کراچی پولیس چیف نے گارڈن ہیڈ کواٹر ساؤتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی جبکہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے سینئر افسر کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی میں منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی عدالت میں شاہانہ انداز میں پیشی کے معاملے پر کراچی پولیس چیف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ساؤتھ زون کے افسران کو طلب کرلیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف نے واضح کیا ہے کہ تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی سٹی اور متعلقہ انویسٹی گیشن افسران کو طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق منشیات فروش خاتون پنکی کے کیس کی تفتیش سنجیدگی سے جاری ہے۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی افسر کو معطل نہیں کیا گیا، تاہم تمام کرداروں اور ذمہ داریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرکے، ملزمہ سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر منشیات برآمد کرلی ہے، جس کے بعد ملزمہ کو آج بغیر ہتھکڑی لگائے عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
