آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے باعث پاکستانی پرچم بردار جہاز خیرپور پھنس گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہاز نے آج صبح آبنائے ہرمز کوعبور کرنا تھا،تاہم زیادہ جہاز ہونے کے باعث پاکستانی جہازآبنائے ہرمز میں پھنس گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی پرچم بردار ٹینکر خیرپور اب پناہ کے لئے خلیج فارس واپس جا رہا ہے،پاکستانی بحری جہاز خیرپور کے علاوہ 3 بھارتی بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے باعث پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیرپور نامی پاکستانی بحری ٹینکر تقریباً 80 ملین لیٹر خام تیل لے کر کویت سے کراچی پورٹ آ رہا ہے،تین فرانسیسی بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز کو تیزی سے عبور کرنے کی کوشش کی،تاہم پاسداران انقلاب بحریہ کی جنگی کشتیوں کی شدید فائرنگ کے باعث فرانسیسی بحری جہاز بھی واپس خلیج فارس لوٹ گئے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ پر حملے کئے گئے، اسرائیلی حملوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایران نے آج دوبارہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان سے قبل شالیمار نامی پاکستانی پرچم بردار جہاز کو گزرنے کی اجازت دی گئی تھی،شالیمار نے امریکی پابندیوں کے دوران آبنائے ہرمز کو عبور کیا تھا۔
