امریکا کی میزبانی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان اہم مذاکرات واشنگٹن میں شروع ہو گئے ہیں جن کا بنیادی مقصد لبنان میں جاری کشیدگی کو کم کرتے ہوئے جنگ بندی کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات کی میزبانی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کر رہے ہیں جبکہ لبنان اور اسرائیل کے سفیر اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کررہے ہیں۔
مذاکرات کے آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بات چیت کا مرکزی نکتہ حزب اللہ کی سرگرمیاں ہوں گی، جس پرخطے کی صورتحال کا انحصار ہے۔
دوسری جانب زمینی حقائق میں کشیدگی برقرار ہے اور رپورٹ کے مطابق لبنان پر اسرائیلی حملے بھی جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں کم از کم 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں انسانی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہو سکتے ہیں تاہم جاری فوجی کارروائیاں ان کوششوں کو چیلنج بھی کر رہی ہیں۔
