دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں سے بھاری جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان لبنانی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان کے مطابق اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ خطے میں جاری امن کوششوں کو نقصان بھی پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان نے لبنانی آزادی و علاقائی خود مختاری اور امن و استحکام کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور سعودی عرب نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاک سعودی وزرائے خارجہ نے دیرپا امن و استحکام کیلئے جنگ بندی کا مکمل احترام و نفاذ ناگزیر قرار دیا ہے۔
نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سےٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانےکیلئے جنگ بندی کے مکمل احترام اور نفاذ کی فوری ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار نے پائیدار امن کے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا
