رمضان کا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے اور اب عید کا انتظار ہے عیدالفطر کب ہو گئی بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے انکشاف کر دیا۔
دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے۔ اہل اسلام جہاں رمضان کو افسردہ دل کے ساتھ الوداع کہنے کی تیاریاں کر رہے ہیں وہیں روزہ داروں کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے تحفے کے طور پر ملنے والی عیدالفطر کا انتظار بھی کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے بین الاقوامی مرکز برائے فلکیات نے مصر سمیت مختلف ممالک میں شوال (عیدالفطر) کے چاند سے متعلق نئی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
مرکز فلکیات کے مطابق جن ممالک نے بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ رکھا تھا، ان ممالک میں بدھ 18 مارچ کو رویت ہوگی جب کہ جمعرات 19 فروری کو جن ممالک میں پہلا روزہ تھا، وہاں جمعرات 19 مارچ کو چاند کی تلاش کی جائے گی۔
مرکز نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ممالک بدھ 18 مارچ کو چاند دیکھیں گے، وہاں رویت نا ممکن ہے کیونکہ اس دن چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا اور اجتماعِ شمس (conjunction) سورج ڈھلنے کے بعد ہوگا۔ لہٰذا ان ممالک میں رمضان کے 30 روزے مکمل ہونے اور جمعہ 20 مارچ کو عید الفطر ہونے کا قوی امکان ہے۔
ان ممالک کے حوالے سے جو جمعرات 19 مارچ کو چاند تلاش کریں گے، مرکز کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشرقی حصوں سے چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم مغربی ایشیا، وسطی اور شمالی افریقہ میں ٹیلی سکوپ کی مدد سے اسے دیکھنا کسی حد تک ممکن ہو سکتا ہے۔
اسی طرح مغربی یورپ اور مغربی افریقہ میں انسانی آنکھ سے چاند دیکھنا انتہائی مشکل ہوگا، جبکہ شمالی امریکہ کے بیشتر حصوں میں انسانی آنکھ سے رویت نسبتاً آسان ہوگی۔ اس صورتحال کے پیش نظر توقع ہے کہ ان میں سے اکثر ممالک جمعہ 20 مارچ کو ہی عید کا اعلان کریں گے۔
تاہم فلکیاتی مرکز کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعرات 19 مارچ کو عالمِ اسلام کے وسیع علاقوں بالخصوص مشرقی اور وسطی حصوں میں رویت انتہائی مشکل ہے، اس لیے بہت سے ممالک جمعرات کو چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو ہوگی۔
