محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے بعد عوام کو سردی اور بارش کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش کی توقع ہے۔ ملتان، خانیوال، ساہیوال اور گرد و نواح میں بھی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، چمن، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی، قلات، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، لسبیلہ اور خضدار میں بارش کا امکان ہے، جبکہ گوادر کے چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ میں کراچی، دادو، جامشورو، لاڑکانہ، جیکب آباد، حیدرآباد اور گرد و نواح میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور ٹانک میں بارش کی توقع ہے، جبکہ لکی مروت، کرک، پاراچنار اور گرد و نواح میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔
گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تیز ہواؤں اور ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے سفر یا روزمرہ سرگرمیوں میں مناسب منصوبہ بندی کریں۔
