آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے سپر سکس مرحلے میں کرکٹ شائقین کو ایک بار پھر پاک بھارت روایتی اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ اہم میچ یکم فروری کو کوئنز اسپورٹس کلب، بلوایو میں کھیلا جائے گا، جس کی اہمیت سیمی فائنل میں رسائی کے لیے غیر معمولی ہے۔
گزشتہ روز گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس میچ میں بھارتی بولر آر ایس امبریش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان آیوش مہاترے نے نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بھارت نے گروپ مرحلہ ناقابلِ شکست رہتے ہوئے مکمل کیا۔
گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد سپر سکس مرحلے کی مکمل لائن اپ بھی سامنے آ گئی ہے۔ گروپ اے اور ڈی کی تین، تین ٹیمیں سپر سکس گروپ ون میں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی اور سی کی تین، تین ٹیمیں سپر سکس گروپ ٹو کا حصہ بنی ہیں۔
دو بار کی عالمی چیمپئن پاکستان ٹیم، گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد سپر سکس مرحلے میں دو پوائنٹس کے ساتھ داخل ہو رہی ہے، جو اسے زمبابوے کے خلاف فتح کے نتیجے میں حاصل ہوئے تھے۔ پاکستان اپنا پہلا سپر سکس میچ 27 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گا، جبکہ دوسرا اور فیصلہ کن میچ یکم فروری کو بھارت کے خلاف ہوگا۔
سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اپنے دونوں سپر سکس میچز جیتنا ناگزیر ہوگا۔ واضح رہے کہ سپر سکس مرحلے کے ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 فروری کو ہرارے اسپورٹس کلب میں منعقد ہوگا۔
پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ کی طرح شائقین کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث ہے، اور انڈر 19 سطح پر یہ میچ مستقبل کے اسٹار کھلاڑیوں کی جھلک دکھانے کا بھی اہم موقع ثابت ہوگا۔
